حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران/ مؤسسہ فرهنگی اکو کے زیر اہتمام تہران میں ’’خورشیدِ مشرق‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی ادبی و ثقافتی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال لاہوری کی شخصیت، فکری و فلسفیانہ نظریات اور ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کانفرنس میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکریٹری جنرل، مؤسسہ فرهنگی اکو کے صدر، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر سمیت اکو کے رکن ممالک کے سفارتی نمائندوں، جامعات کے اساتذہ، دانشوروں، ادیبوں اور شعرا نے شرکت کی اور علامہ اقبال کے افکار کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔

تقریب کا آغاز علامہ اقبال کی زندگی اور علمی و ادبی سفر پر مبنی ایک مختصر دستاویزی فلم کی نمائش سے ہوا، جس کے بعد مختلف مقررین نے اپنے خطابات میں اقبال کی شاعری، فلسفۂ خودی، عرفانی افکار، مشرقی تہذیب سے وابستگی اور عالم اسلام میں ان کے فکری مقام کا جائزہ پیش کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کا پیغام کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں، بلکہ ان کے افکار پوری انسانیت، بالخصوص مشرقی اقوام کے لیے فکری بیداری، خود شناسی اور اتحاد و یکجہتی کا ذریعہ ہیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مؤسسہ فرهنگی اکو کے صدر سفیر محمد حسن نے عالمی ادب اور خطے کی ادبی روایت میں علامہ اقبال کے مقام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا شعری سفر اردو زبان سے شروع ہوا، تاہم 1915ء میں اپنی منظوم تصنیف ’’اسرارِ خودی‘‘ کے ذریعے انہوں نے فارسی زبان میں اظہارِ خیال کا آغاز کیا، جسے وہ مشرقِ اسلامی سے خطاب کا ایک مؤثر ذریعہ سمجھتے تھے۔ مولانا روم سمیت فارسی ادب کی عظیم شخصیات سے متاثر ہوکر اقبال نے ’’رموزِ بے خودی‘‘، ’’پیامِ مشرق‘‘، ’’زبورِ عجم‘‘ اور ’’جاوید نامہ‘‘ جیسی تصانیف میں فلسفیانہ اور عرفانی مفاہیم کو منفرد انداز میں پیش کیا، جبکہ زندگی کے آخری دور میں ’’بالِ جبریل‘‘ اور ’’ضربِ کلیم‘‘ کے ذریعے اردو شاعری میں اپنے فکر و فلسفے کے پختہ ترین پہلوؤں کو اجاگر کیا۔
سفیر محمد حسن نے مزید کہا کہ اگرچہ اقبال کی فارسی شاعری کو عالمی سطح پر خصوصی توجہ حاصل ہے، تاہم ان کی اردو شاعری بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ ان کی اردو نظمیں برصغیر کے عوام سے براہِ راست اور اثر انگیز انداز میں مخاطب ہوتی ہیں، جبکہ فارسی تصانیف میں فرد، معاشرے، تاریخ اور انسانیت سے متعلق ان کے افکار کو وسیع فلسفیانہ تناظر میں پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زبان اور اسلوب کے فرق کے باوجود اقبال کے افکار میں مکمل وحدت پائی جاتی ہے اور دونوں زبانوں میں ان کا بنیادی مقصد تصورِ خودی کے ذریعے انسان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنا اور علم، عمل اور اخلاقی اقدار پر مبنی معاشرے کی تشکیل تھا۔

اس موقع پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر برائے اسلامی جمہوریہ ایران عمران احمد صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال پاکستانی قوم کے اجتماعی شعور کا حصہ ہیں اور ان کی شاعری نے ایک ایسے سیاسی تصور کو آواز دی جو بالآخر قیامِ پاکستان کی صورت میں حقیقت بنا۔ انہوں نے 1930ء کے خطبۂ الٰہ آباد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد سیاسی مستقبل کا تصور اقبال کے تاریخی وژن کا اہم حصہ تھا، جو ہماری قومی جدوجہد کا ایک نمایاں سنگِ میل ہے۔
پاکستانی سفیر نے اقبال کے افکار کی عالمی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فکری اور روحانی دنیا پاکستان کی سرحدوں سے کہیں زیادہ وسیع تھی اور ان کا پیغام پوری انسانیت سے مخاطب ہے۔ ان کے مطابق پاکستان سے باہر ایران شاید وہ ملک ہے جہاں اقبال کے افکار اور ایرانی تہذیب کے درمیان سب سے زیادہ فطری ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ اقبال کے تصور میں ایران محض جغرافیائی خطہ نہیں، بلکہ ایک فکری اور روحانی سرزمین کی حیثیت رکھتا تھا۔
عمران احمد صدیقی نے فارسی ادب اور فلسفے سے اقبال کی گہری وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مولانا روم کی حکمت، حافظ شیرازی کی شاعری اور ایرانی تہذیب کے عظیم علمی ورثے سے بھرپور استفادہ کیا۔ اقبال فارسی زبان کو روحانی اظہار اور فکری رابطے کا ایک مؤثر ذریعہ سمجھتے تھے۔ انہوں نے مولانا روم کو اپنا مرشدِ روحانی قرار دیا تھا اور ان کی تعلیمات سے متاثر ہوکر عشق، علم اور عمل کو انسانی ارتقا اور تبدیلی کا بنیادی ذریعہ قرار دیا۔

تہران یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر قاسم صافی نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کو عالم اسلام کا عظیم معاصر شاعر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی فکر و شعور کے بارے میں اقبال کے بلند نظریات نے ایک ایسی فکری تحریک کو جنم دیا ہے جو زندگی، معاشرت، سماجی تعلقات، صحیح عقائد اور مسلمان فرد کی تربیت کے مختلف شعبوں میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی فکر عالم اسلام کو بلندی اور کمال کی جانب لے جانے اور ظلم و استبداد کے خاتمے کی راہ دکھاتی ہے۔
ڈاکٹر قاسم صافی نے اپنے خطاب میں اقبال کے ایک اہم سوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شاعرِ مشرق نے اپنے قارئین کے سامنے یہ سوال رکھا تھا کہ ’’مجھے بتاؤ کہ میں کہاں سچی اور مخلصانہ ہمدردی تلاش کروں؟‘‘ انہوں نے اس سوال کو اقبال کے انسانی، اخلاقی اور سماجی افکار کی ترجمانی قرار دیا اور کہا کہ ان کی شاعری انسان کو محض فکری مباحث تک محدود نہیں رکھتی، بلکہ عملی زندگی میں اعلیٰ انسانی اقدار اپنانے کی دعوت دیتی ہے۔

کانفرنس کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے تاجکستان کی خجند یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر نورعلی نورزاد نے ویڈیو پیغام کے ذریعے شرکت کی اور علامہ اقبال کی علمی و ادبی خدمات کے مختلف پہلوؤں پر اپنے خیالات پیش کیے۔ اسی طرح افغان شاعر ڈاکٹر شوکت علی محمدی شاری نے اقبال کی شاعری اور فکری ورثے پر گفتگو کی، جبکہ ایرانی شاعر محمد جواد آسمان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اقبال کی شعری عظمت کو اجاگر کیا۔
کانفرنس میں پیش کی گئی تقاریر اور علمی گفتگو کے دوران اس بات کو نمایاں کیا گیا کہ علامہ اقبال نے فارسی اور اردو ادب کے ذریعے خود شناسی، خود اعتمادی، آزادی، انسانی وقار اور امت مسلمہ کے اتحاد جیسے بنیادی موضوعات کو اپنی شاعری کا حصہ بنایا۔ ان کی فکر میں اسلامی عرفان، مشرقی حکمت اور انسانی اقدار کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے، جس نے انہیں برصغیر ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام اور فارسی زبان بولنے والے معاشروں میں ایک ممتاز مقام عطا کیا ہے۔

واضح رہے کہ علامہ محمد اقبال لاہوری فارسی اور اردو ادب کی ان عظیم شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے مشرقی اقوام میں فکری بیداری اور خود اعتمادی کا جذبہ پیدا کیا۔ ان کی فارسی شاعری آج بھی خطے کے مختلف ممالک کے درمیان گہرے علمی، ادبی اور تہذیبی روابط کی علامت ہے۔
’’خورشیدِ مشرق‘‘ کانفرنس مؤسسہ فرهنگی اکو کے اس ثقافتی مشن کا حصہ تھی جس کا مقصد خطے کے ممالک کے مشترکہ ادبی و ثقافتی ورثے کا تحفظ اور اکو کے رکن ممالک کی اقوام کے درمیان تاریخی، تہذیبی اور تمدنی روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر علامہ اقبال کے لازوال افکار کو موجودہ دور میں دوبارہ اجاگر کرنے اور مشرقی ثقافت، ادب اور حکمت کے ذریعے اقوام کے درمیان افہام و تفہیم، اتحاد اور دوستی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔










آپ کا تبصرہ